نئی دہلی:28/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجریوال نے آج سیلنگ مہا پنچایت میں کہاہے کہ سلینگ سے بچنا ہے تو ساتوں لوک سبھا سیٹوں پر ہمیں جتائیں۔ سی ایم نے منوج تیواری کے سیلنگ توڑے جانے کو ڈرامہ قرار دیا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر ہمت ہے تو منوج تیواری ساری دہلی کی سلینگ توڑ کردکھائیں۔بیرونی دہلی کے مٹیالا میں آج سیلنگ کو لے کر مہا پنچایت ہوئی۔ اس مہا پنچایت میں پہنچے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال انتخابی موڈ میں نظر آئے۔ سیلنگ کو لے کر اروند کیجریوال نے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کجریوال نے سیلنگ سے ہونے والے نقصان گنوائے ۔ اروند کجریوال نے الزام لگایا کہ سیلنگ اس لیے کی جا رہی ہے کہ وال مارٹ جیسی خوردہ کمپنیوں کو فائدہ پہنچائی جائے ۔ روند کجریوال نے کہا کہ آخری بار بی جے پی کو 7 رہنما جتا کر آپ نے تھوڑی سی غلطی کی ہے۔آنے والے سرمائی اجلاس میں کجریوال نے تمام ساتوں ممبران پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ لگے ہاتھ اروند کجریوال نے عوام سے 2019 میں تمام ساتوں نشست پر آپ کے امیدواروں کو جتانے کی اپیل بھی کی ہے ۔ کجریوال نے کہا ہمیں ساتوں سیٹ دیں ،اپنے ممبران پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ سے نہیں نکلنے دوں گا،جب تک قانون نہ بن جائے ۔مٹیالا میں ہوئی مہا پنچایت میں اتم نگر سے رکن اسمبلی نریش بالیان نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے پانچ سی ایم اور پی ایم مودی کے خاندان نہیں ہیں۔ اس لئے یہ نہیں جانتے کہ سیلنگ سے کیا پریشانی ہے؟ مندر کے لئے پرائیویٹ ممبر بل لا رہے ہیں لیکن سیلنگ کے لئے کچھ نہیں کر نا چاہتے ہیں ۔